Tuesday, January 21, 2025
BREAKING

Jharkhand

وزارت داخلہ سنامی کے مقابلہ کی تیاری سے متعلق کل کثیر ریاستی فرضی سنامی مشق 2017 کا انعقاد کرے گی

November 25, 2017 09:30 PM

 

وزارت داخلہ سنامی کے مقابلہ کی تیاری سے متعلق کل کثیر ریاستی فرضی سنامی مشق 2017 کا انعقاد کرے گی 

 

نئی دہلی۔23؍نومبر۔وزارت داخلہ، نیشنل  ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( این ڈی ایم اے) اور انڈین نیشنل سینٹر فار اوشن انفارمیشن سروسز(آئی این سی او آئی ایس) کی وساطت سے سنامی کے مقابلے سے متعلق تیاریوں کے سلسلے میں کل کثیر ریاستی بڑی فرضی  سنامی مشق کا انعقاد کرے گی۔

یہ مشق ایک ساتھ چار ریاستوں یعنی مغربی بنگال، اڑیسہ، آندھرا پردیش اور تمل ناڈو کے 31 ساحلی اضلاع میں اور  پورے مشرقی ساحل کے ساتھ ساتھ مرکز کے زیرانتظام علاقہ پوڈوچیری  میں منعقد ہوگی۔انڈمان و نکوبار جرائز کے قریب زیادہ شدت کے زلزلے کی وجہ سے سنامی کا منظر پیدا ہوگا جس کے نتیجہ میں ملک کے مشرقی ساحل پر سنامی آئے گی۔

 تباہ کاری کی صورت حال کے مقابلہ کی تیاریوں اور کارروائی کے دور ان، ان  سے سبق حاصل کرنے اور ان کا بہتر طریقہ سے مقابلہ کرنے کے لئے بحرالکاہلی جزائر کے 11 ممالک سے تعلق رکھنے والے شرکاء اس پوری مشق کا مشاہدہ کریں گے۔

 یہ مشق 5 نومبر 2017 کو منعقدہ دوسری عالمی یوم سنامی بیداری کے موقع پر منصوبہ بند کی گئی متعدد سرگرمیوں سے ایک ہے۔اس کی شروعات 8 نومبر کو منعقدہ اورینٹیشن کانفرنس میں ہوئی تھی۔ اس کانفرنس کامقصد سنامی کے مقابلے سے متعلق تیاریوں کی مشق کو یقینی بنانا تھا۔

اس کانفرنس کے بعد مختلف ریاستی  ہنگامی کارروائی  مراکز( ایس ای کو سی ایس) اور تال میل سے متعلق کانفرنس نیز ٹیبل ۔ ٹاپ مشقیں ہوئی تھیں۔ جن میں تمام متعلقہ اضلاع نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شرکت کی تھی۔ ان مشقوں نے تمام شرکاء کو اپنی ذمہ داریوں ، مطلوبہ کارروائیوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد کی اور اس کے علاوہ کل منعقدہ ہونے والی مشق کے لئے سنامی کی پیشگی آگاہی سے متعلق ان کے معیاری عملی طریقہ کار( ایس او پی ایس) کا جائزہ لینے میں مدد کی۔

تمام اہم محکموں جیسے بری ، بحری اور فضائی افواج، نیشنل ڈزاسٹر ریسپانس فورس(این ڈی آر ایف)، صحت ، پولیس، تعلیم، فائر فائٹنگ، سول ڈیفنس، ٹرانسپورٹ، بجلی، پبلک ریلیشنز وغیرہ کے حکام نے ان ابتدائی میٹنگوں میں شرکت کی۔سنامی ایک انتہائی خطرناک قدرتی آفت ہے جس کے لئے فوری ردعمل کی ضرورت ہوتی ہے۔جب یہ تباہی رونما ہوتی ہے تو رد عمل کے لئے وقت بہت محدود ہوتا ہے۔ اس صورت حال سے نپٹنے کے لئے 2گھنٹہ کا وقفہ دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ جس کے دوران پوری سرکاری مشینری تیزی سے اور پوری اہلیت کے ساتھ رد عمل کے لئے سرگرم ہوگی۔منتخب مقامات پر اس مشق کے تجزیہ کی  ریہرسل کی جائے گی۔ اس مشق کا مقصد متعلقہ ایجنسیوں کے مابین تیاریوں، رد عمل کے میکانزم اور تال میل کا جائزہ لینا اور انہیں بہتر بنانا ہے۔

ہندوستان کا مشرقی ساحل سیلاب اور سنامی دونوں سے آسانی سے متاثر ہونے والا  خطہ ہے۔متعدد ساحلی اضلاع نے گزشتہ برسوں کے دوران ان آفات سے مقابلے کی بہتر تیاریوں کے لئے اسی طرح کی  فرضی مشقیں کی ہیں۔پھر بھی یہ پہلا موقع ہے کہ پورا مشرقی ساحل ایک ساتھ اس فرضی مشق میں شرکت کرے گا۔

Have something to say? Post your comment